ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جانوروں کی نقل وحمل روکنے اقدامات جاری، ہائی کورٹ میں ریاستی حکومت کی طرف سے حلف نامہ

جانوروں کی نقل وحمل روکنے اقدامات جاری، ہائی کورٹ میں ریاستی حکومت کی طرف سے حلف نامہ

Tue, 21 Aug 2018 21:26:08    S.O. News Service

بنگلورو،21؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے ہائی کورٹ میں حلف نامہ دائر کرکے یہ اقرار کیاگیا ہے کہ ریاست بھر میں مویشیوں کی غیر قانونی تجارت اور نقل وحمل کے علاوہ ذبیحہ پر پابندی کے لئے تمام قدم اٹھائے گئے ہیں۔

آج اس سلسلے میں جسٹس اروند کمار پر مشتمل بنچ کے روبرو سماعت کے دوران ریاستی حکومت نے بتایاکہ مویشیوں کی غیر قانونی نقل وحمل کے دوران آئے دن ہونے والے حملوں کے متعلق پولیس میں متعدد شکایتیں درج کی جارہی ہیں۔اس سلسلے میں دہلی کے گؤ گیان فاؤنڈیشن کی طرف سے دائر عرضی کی سماعت کے دوران اڈیشنل اڈوکیٹ جنرل اے ایس پوننا نے عدالت کو بتایاکہ ریاست بھر میں مویشیوں کی غیر قانونی نقل وحمل پر روک لگانے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں درج ہونے والی شکایتوں سے نپٹنے کے لئے ہیلپ لائن نمبر بھی موجود ہے۔ جس کے بارے میں عوام کو جانکاری دی جارہی ہے۔

شہر بنگلور کی حدود میں جانوروں کی غیر قانونی نقل وحمل روکنے کے لئے جگ جیون رام نگر ، دیور جیون ہلی اور شیواجی نگر علاقوں میں خصوصی ٹاسک فورس ہمہ وقت متعین رکھے گئے ہیں۔ عدالت نے اس سماعت کو جاری رکھتے ہوئے اس ضمن میں ریاستی حکومت کے نام نوٹس جاری کی اور اگلی سماعت پیر کے روز طلب کی۔ 


Share: